16 اکتوبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں خدمت خلق فاوٴنڈیشن کوعطیہ کرنا اس ادارے پرعوامی اعتماد کاکھلا مظہر ہے، خدمت خلق فاوٴنڈیشن اپنے قیام کے اول دنوں سے ہی قدرتی آفات، سانحات اور حادثات کے موقع دکھی انسانیت کی عملی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے عزیزآباد میں واقع مرکزی دفتر میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں قائم مرکزی کیمپ میں موجود فاوٴنڈیشن کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے مرکزی کیمپ میں موجود ذمہ داران، کارکنان اوررضاکاروں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کٹھن اورمشکل حالات میں تحریکی ساتھی بالخصوص مائیں، بہنیں اور بزرگ خلق خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی عید کی خوشیاں قربان کرکے محنت، لگن اور ثابت قدمی سے قربانی کی کھالیں جمع کررہے ہیں جس پر وہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں، قدرتی آفات، سانحات اور حادثات کے موقع پر اس ادارے کے رضاکار، میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کے ارکان دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمہ تن مصروف رہتے ہیں۔ الطاف حسین نے عیدالاضحی کے موقع پر دیانتداری اور فرض شناسی سے ذمہ داریاں ادا کرنے پرحکومت، انتظامیہ بالخصوص پاکستان رینجرز، پولیس حکام اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ اداکیا، انہیں خراج تحسین پیش کیا اور عید کی مبارکباد بھی دی۔