16 اکتوبر ، 2013
ابوظہبی…ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلا ف میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی ہے، دوسری اننگز میں جنوبی افریقا بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی ہے اور4وکٹوں کے نقصان پر صرف 72رنز ہی بنا سکی ۔ٹیسٹ کے تیسرے دِن پاکستان کی ٹیم 442رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی جس میں کپتان مصباح الحق کی شاندار سنچری بھی شامل ہے۔پاکستان نے تیسرے دِن اننگز کا آغاز263رنز 3کھلاڑی آوٴٹ سے شروع کیا۔کپتان مصباح الحق نے اوپنرخرم منظور کے ہمراہ مل کر ذمہ دارنہ کھیل کامظاہرہ کیا اورجنوبی افریقا کے بالرز کی ایک نہ چلنے دی، مصباح الحق 187گیندوں پر سنچری اسکور کی، تو دوسری طرف خرم منظور نے بھی146رنز جوڑے۔دونوں کے آوٴٹ ہونے کے باوجود بھی جنوبی افریقا کی مشکلات میں کمی نہ آسکی ، اسد شفیق اورعدنان اکمل نے بھی جنوبی افریقا کو آڑے ہاتھوں لیا، اسدشفیق نے54جبکہ عدنان اکمل نے32رنز اسکور کیئے۔تاہم سعید اجمل، ذوالفقار بابر اورجنید خان خاص کارکردگی کامظاہرہ نہ کرسکے اوربالترتیب13،2اور3رنز بنا کرآوٴٹ ہوگئے۔یوں پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف 193رنز کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، جواب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن پاکستانی بالرز لڑکھڑا کررہ گئی، اورکپتان گریم اسمتھ72،پیٹرسن 17،ہاشم آملہ10جبکہ جیک کیلس بغیر کوئی رنز بنائے آوٴٹ ہوگئے ، دن کے اختتام پرجنوبی افریقا 4وکٹوں کے نقصان پر صرف72رنز ہی بناسکی۔