24 مارچ ، 2012
اسلام آباد … غذر اور استور میں بارش اور برفباری جاری ہے، استور میں 8روز بعد رابطہ سڑکوں کو کھول دیا گیا۔ غذر اور استور کے نشیبی علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ استور سے راولپنڈی اور استور سے گلگت جانے والی سڑکوں کو ہرقسم کی آمد و رفت کیلئے 8روز بعد کھول دیا گیا ہے۔ غذر کی رابطہ سڑکیں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ابھی تک نہیں کھولی جاسکی ہیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین، لورالائی سمیت مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں کمی ہورہی ہے، اس دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔