24 مارچ ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی کی اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں زیربحث آئی ہے جس پر بحث کے بعداتفاق رائے سے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ ملک کے بہترین مفاد میں ہوگا۔ اسلام آباد میں قومی خواتین کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت کو کھلے دل سے اپوزیشن کی اچھی تجاویز قبول کرنی چاہئیں جبکہ اپوزیشن بھی مخالفت برائے مخالفت کرنے کے بجائے قومی معاملات پر مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمینٹیرینز کا کرکٹ میچ کرانا چاہتی ہیں اور اس حوالے سے مختلف جماعتوں کے رہنماوٴں سے بات بھی ہوئی ہے۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ خواتین اور مرد ارکان کو برابری کی بنیاد پر فنڈز دیئے گئے ہیں۔