13 نومبر ، 2013
منیلا…تباہی چھٹنے اور امدادی کارروائیوں میں تیزی کے بعد فلپائن کے صدر نے اطلاع دی ہے کہ طوفان کا شکار ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار نہیں بلکہ ڈھائی ہزار کے قریب ہے۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر آکینو نے کہا کہ سب سے پہلے ایک پولیس افسر اور ایک مقامی سرکاری اہلکار کی طرف سے 10ہزارہلاکتوں کی بات کی تھی لیکن انہوں نے شاید یہ تعداد ’جذباتی صدمے‘ کے زیراثر کہہ دی ہوگی۔ صدر اکینو کے مطابق 29 قصبے ایسے ہیں جہاں ابھی تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔اقوامِ متحدہ کے مطابق اس طوفان سے ایک کروڑ 10لاکھ افراد متاثر اور6 لاکھ 73 ہزار بے گھر ہوئے ہیں۔جن کی امداد کیلئے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ اقوامِ متحدہ نے دنیا بھر سے 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل بھی کی ہے۔امریکہ، برطانیہ، جاپان، جرمنی سمیت دنیا بھر سے امدادی سامان پہنچنے کے ساتھ ساتھ فنڈز کے اعلانات بھی آنا شروع ہوگئے ہیں۔