16 نومبر ، 2013
راولپنڈی…راولپنڈی میں جمعہ کو دن کے وقت پیش آنے والے واقعے کے بعد رات کو بھی کشیدگی برقرار ہے اور فوارہ چوک اور اردگرد کے علاقے میں موجود املاک کو نقصان پہنچائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔جبکہ املاک کو نقصان پہنچائے جانے کی اطلاعات کی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی میں دن میں فائرنگ اور توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد علاقے میں رات گئے تک کشیدگی برقرار ہے۔دریں اثناء پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے ر اولپنڈی میں ہنگامہ آرائی کا نوٹس لے لیا ہے۔لاہورسے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے راولپنڈی میں ہنگامہ آرائی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔