25 مارچ ، 2012
اوکاڑہ…جماعت اسلامی کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ 27 مارچ کو نیٹو کی سپلائی لائن بحال کرنے کے فیصلے کے خلاف پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔وہ اوکاڑہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سیدمنورحسن نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھی اپوزیشن جماعتیں بھی درپردہ نیٹو سپلائی لائن کی بحالی چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی فیس سیونگ کے لیے نیٹو سپلائی لائن کی بحالی میں اپنی شرائط کا لفظ ڈال دیا ہے۔ سید منورحسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اتحادی جماعتوں سے زیادہ صدر آصف علی زرداری کو سپورٹ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے نفاذ میں تاخیر کی وجہ سے حکمرانوں کو کھل کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی لڑائی آئی ایس آئی تک پہنچ چکی ہے۔