23 فروری ، 2025
حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی لبنانی دارالحکومت بیروت میں تدفین کردی گئی جبکہ ہاشم صفی الدین کو کل جنوبی لبنان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
بیروت اسٹیڈیم میں شہید حسن نصراللہ اور ان کے بعد حزب اللہ سربراہ نامزد ہونے والے ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ میں ایرانی وزیر خارجہ، ایرانی پارلیمانی اسپیکر سمیت دنیا بھر سے لاکھوں سوگواران نے شرکت کی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے لبنانی سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حسن نصر اللہ کے جنازے میں تقریباً 10 لاکھ افراد نے شرکت کی۔
جنازے کے اجتماع سے خطاب میں حزب اللہ رہنما نعیم قاسم نے حسن نصراللہ کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت ختم نہیں ہوئی۔
اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے بھی غاصبانہ قبضے اور جبر کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا پیغام دیا۔
اس سے قبل حزب اللہ کے شہید سربراہان سید حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کے جنازے پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے نچلی پرواز کی۔
اسرائیلی طیاروں کی پرواز کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اپنے دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ حسن نصراللہ کے جنازے کے اوپر پرواز کرنے والے اسرائیلی طیارے واضح پیغام دے رہے ہیں کہ جوکوئی بھی اسرائیل پر حملہ کرے گا وہ زندہ نہیں رہے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے 27 ستمبر 2024 کو بیروت میں کیے گئے بڑے فضائی حملے کی ویڈیو جاری کی جس میں حزب اللہ کے اس وقت کے سربراہ حسن نصراللہ شہید ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ 27 ستمبر 2024 کو شام 6 بج کر 21 منٹ پر آپریشن ’نیو آرڈر‘ کے نام سے کیا گیا تھا۔