25 مارچ ، 2012
کابل … افغانستان میں امریکی فوجی کی گولیوں کا نشانہ بننے والے 17 شہریوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کردیا گیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایک افغان حکومتی اہلکار نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے لواحقین کو امریکی فوج کی جانب سے معاوضہ دیا گیا ہے۔ قندھار کے صوبائی گورنر آفس میں ایک نجی تقریب میں قبائل اور حکومتی اعلیٰ عہدیداران کی موجودگی میں معاوضہ دیا گیا۔ امریکی فوجی کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 46 ہزار ڈالر تقریباً 2.3 ملین افغانی اور زخمیوں کو 5 لاکھ افغانی دئیے گئے۔ پنجوانی ڈسٹرکٹ میں امریکی فوجی کی بلا اشتعال فائرنگ سے بچوں اور خواتین سمیت 17 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔