23 نومبر ، 2013
کراچی…کراچی وسطی کے علاقے انچولی میں چائے کے ایک ہوٹل کے باہر ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اٹھارہ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ہے جن میں سے مزید چار کی حالت تشویشناک ہے،کچھ زخمیوں کو پٹیل اسپتال منتقل کیا گیا ہے،زیادہ تر زخمی بال بیرنگ لگنے سے زخمی ہوئے ،ایک منٹ کے وقفے سے ہونے والے ان دھماکوں سے آٹھ موٹر سائیکل اورچارگاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ چار دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ،جبکہ ایک موٹر سائیکل کے پرزے پرزے ہوگئے ہیں جس کے باعث یہ سمجھاجارہا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل اور ایک رکشے میں لگایا گیا تھا۔جیونیوز کے ظل حیدر کے مطابق دھماکوں کے بعد انتہائی مصروف شاہراہ پاکستان کو بند کردیا گیا ہے۔دھماکے کے قریب رہائش پذیر لوگ نعرے بازی کررہے ہیں۔بم ڈسپوزل عملہ آخری اطلاع تک پہنچ نہیں سکا تھا۔دھماکوں کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔دھماکا فیڈرل بی ایریا بلاک سترہ میں ہوا۔پولیس اور سیکورٹی ادارے لوگوں کو دھماکے کی جگہ کے قریب جانے سے روک رہے ہیں تاکہ مزید کسی تباہی سے بچا جاسکے،جبکہ سوئپنگ کا عمل جاری ہے۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دور دور تک اسکی آواز سنی گئی۔زخمیوں میں دو خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔دھماکے کے ساتھ ہی علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی تھی تاہم اب ایک کے ای ایس سی کی گاڑی پہنچ گئی ہے۔متاثرہ مقام یوسف پلازہ کے اسٹا پ کے بالکل قریب واقع ہے،جہاں پر چائے کے ہوٹل میں لوگ بیٹھے چائے پی رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوا۔