26 مارچ ، 2012
ہیوسٹن … راجہ زاہد اخترخانزادہ … امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے دو بڑے شہروں ہیوسٹن اور ڈیلس میں یوم پاکستان 23 مارچ ملی جوش اور جذبہ سے منایاگیا۔ ہیوسٹن میں واقع پاکستانی قونصلیٹ میں پرچم کشائی کی ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں اور عمائدین شہر نے شرکت کی ۔پرچم کشائی قونصل جنرل محمد عاقل ندیم نے کی اس موقع پر شیعہ کمیونٹی کی جانب سے گلگت کے واقعہ پر احتجاجی یاداشت بھی جمع کرائی گئی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر تسنیم صدیقی ،اسلامک سوسائٹی آف ہیوسٹن کے صدر عزیز صدیقی، معروف کمیونٹی رہنماؤں خالد خان، سجاد برکی،گل فراز خان، کامران جیلانی، محمد حسین اور دیگر افراد موجود تھے۔ہیوسٹن میں واقع پاکستان سینٹر میں بھی قونصل جنرل محمد عاقل ندیم نے پرچم کشائی کی،اس موقع پر تقریب سے تسنیم صدیقی ، عزیز صدیقی، خالد خان سمیت دیگر افراد نے خطاب کیا اور پاکستان کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ پاکستان ہمارے لئے کسی ایک نعمت سے کم نہیں ہے۔ دریں اثناء ریاست ٹیکساس کے دوسرے بڑے شہر ڈیلس میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم پاکستان اور متحدہ کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منایاگیا جس میں مرد خواتین بچے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ پاکستانی نژاد امریکی بچوں نے بھی اپنی تقاریر پیش کیں جن بچوں نے حصہ لیا ان میں عائلہ ارشاد، ادیب، عالیہ، عبدالرافع اور شہریار شامل ہیں جبکہ نظامت شازیہ ارشاد نے کی۔ اس موقع پر معروف شعراء یونس اعجاز اور طارق ہاشمی نے اپنے کلام کے ذریعہ پاکستان اور متحدہ کے یوم تاسیس پر اپنے خیالات کا اظہار اشعار کی صورت میں کیا جبکہ متحدہ امریکہ کی سینٹرل کمیٹی کے اراکین ارشاد کمالی، اسد صدیقی، ہیوسٹن متحدہ کے رہنما جمشید درانی، ڈیلس کے رہنما مغنی رضا، وقار احمد بیگ، امتیاز احسن اور دیگر نے خطاب کیا اور یوم تاسیس کے کیک کاٹنے میں حصہ لیا۔ متحدہ امریکہ کی سینٹر کمیٹی کے رکن ارشاد کمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف بھائی پاکستان کو قائداعظم کی فکر اور علامہ اقبال کے خوابوں جیسا پاکستان بنانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ حقیقی طور پر الطاف بھائی امن کے نوبل انعام کے مستحق ہیں پروگرام کے آخر میں متحدہ کے ترانیہ اور قومی و ملی نغمے مقامی فنکاروں نے پیش کئے جبکہ متحدہ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹاگیا جوکہ بچوں نے کاٹا۔