26 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی سینٹرل جیل میں قید ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بشارت حسین کو ایک قیدی نے جھگڑے کے دوران قتل کردیا ، واقعے کے بعد ڈیوٹی افسر سمیت دو اہل کاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔مقتول بشارت حسین دھوکا دہی کے کیس میں ستمبر 2011 سے سینٹرل جیل کراچی میں تھے۔ ان کیخلاف مقدمہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ شب ایک قیدی محمد احمد نے مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران بشارت حسین کو چھری کے وار کرکے قتل کر دیا۔ لاش وصول کرنے کیلئے جیل پہنچنے والے بشارت حسین کے بھائی تقی حسین نے میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا کہ مقتول کو تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ تقی حسین کے مطابق جیلر نے انہیں بتایا کہ قتل کرنے والے قیدی کا دعویٰ ہے کہ اْسے دورے پڑتے ہیں اور دورے کی حالت میں ہی اس نے یہ قتل کیا ہے۔ جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کے وقت ڈیوٹی پر موجود افسر سمیت دواہل کاروں کو معطل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ اس بات کی چھان بین بھی کی جارہی ہے کہ قیدی کے پاس چھری کیسے پہنچی۔