28 نومبر ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہم سایوں کو نہیں بدلا جا سکتا، بھارت اور افغانستان کے ساتھ بھی دوستی چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لاوٴڈ اسپیکر فرقہ واریت پھیلائیں ان کو بند ہو جانا چاہیے،دہشت گردی سے بہت نقصان اٹھایا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل آگے بڑھے ۔نواز شریف نے کہاکہ بھارت، افغانستان کے ساتھ بھی دوستی چاہتے ہیں، ہم ترقی ہی تب کرسکتے ہیں جب باہمی اتفاق سے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے کا سلسلہ جو رک گیا ہے اس کو کراچی تک لے جائیں گے، کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے بھی بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کے نتائج مل رہے ہیں ، انشااللہ کراچی پر امن ترین شہر ہوگا ۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب 90فیصد وقت معاشی ترقی کے لیے صرف کریں، سرمایا کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، گرین فیلڈاورتوسیعی منصوبے شروع کرنی والے افراد سے پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی۔