29 نومبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیروعزیزآبادمیں ایم کیوایم کے مختلف تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا ۔جس سے الطاف حسین نے ٹیلی فون پر مختصر خطاب کیا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اور منتخب عوامی نمائندے بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مختلف تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ کیاگیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے ذمہ داران نے الطاف حسین کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے تحت جاری عوامی رابطہ مہم کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ ملک کی تازہ ترین صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھیں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کریں،انھوں نے عوام پر زور دیا کہ اپنے اپنے محلوں اور علاقوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، اپنے علاقوں میں شرپسند اور انتہاء پسندعناصر پر نظر رکھیں اور ان کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں ۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ مکان فروخت کرتے یا کرایہ پر دیتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ مکان انتہاء پسند عناصر کے ہاتھوں میں نہ چلاجائے۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مذہبی طلباء تنظیم ”اسلامی جمعیت طلبہ “کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی میں غنڈہ گردی،اساتذہ کوکمرے میں بندکر کے ہراساں اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورمطالبہ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اس جماعت کی غنڈہ گردی کاسختی سے نوٹس لیا جائے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے پنجاب یونیورسٹی میں غنڈہ گردی اوردہشت گردی کابازارگرم کررکھاہے اوراس تنظیم کے کارکنان تعلیمی درسگاہوں کو اپنے مقاصدکیلئے استعمال کرر ہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس سے قبل بھی کراچی یونیورسٹی اوردیگرتعلیمی اداروں میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان غنڈہ گردی کے واقعات سامناآتے رہے ہیں ،اب پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے دوسینئراساتذہ کوسنگین نتائج کی دھمکیوں کے بعدکمرے میں بندکرکے ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ غیرانسانی برتاؤکرنے کاواقعہ لمحہ فکریہ اورانتہائی تشویش کا باعث ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس سے قبل بھی پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل کے کمرے جومذہبی طلباء تنظیم کے ایک کارکن کے نام پرآلاٹ تھااس کمرے سے دہشت گردتنظیم ”القاعدہ“ کالٹریچر اور دیگر مواد برآمد ہواتھااوریونیورسٹی وی سی کی جانب سے طلبہ تنظیم کابھانڈاپھوڑنے پراس طلبہ تنظیم کے غنڈہ عناصرنے وی سی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب ،گورنرپنجاب سمیت تمام اعلیٰ احکام سے مطالبہ کیاکہ پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان کی جانب سے اساتذہ کے غیرانسانی سلوک اور انہیں ہراساں کرنے کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورتعلیمی اداروں میں اسلامی جمعیت طلبہ کی غنڈہ گردی بند کرائی جائے۔