02 دسمبر ، 2013
اسلام آباد… ملک بھر میں خشک اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک بھرمیں سردی کی لہرجاری ہے، سردی اور دھند نے ملک کے کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث روز مرہ معمولات متاثر ہورہے ہیں۔ ملتان میں درجہٴ حرارت کم ہونے کے باعث صبح کے وقت شہر اور گرد و نواح میں دھند کا راج رہا جس کے باعث گاڑیاں چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ گلگت، بلتستان ڈویژن کے ضلع دیامر کے پہاڑی علاقوں بٹوگا ٹاپ اور بابو سر ٹاپ اور دیگر میں وقفے وقفے سے بر ف باری ہورہی ہے جس کی وجہ سے موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔ بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی ٹھنڈ بڑھتی جارہی ہے۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہٴ حرات اسکردو میں منفی8، گوپس اور پارہ چنار اور استور میں منفی 4،ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہٴ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا اور بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ مالاکنڈ،ہزارہ ڈویژن اور گلگت، بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بار ش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔