27 مارچ ، 2012
سیئول…جنوبی کوریا میں ہونے والی دو روزہ جوہری تحفظ کانفرنس میں دنیا کو سب کے لیے محفوظ بنانے کیلئے سخت محنت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، سئیول میں جوہری تحفظ کا نفرنس میں 53 ممالک کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک کوجوہری دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مل کر مضبوط کارروائی کرنا ہوگی اور انتہائی افزدہ یورنیم کے سول استعمال کو کم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چار سال کے اندر تمام ایٹمی مواد کو محفوظ بنایا جائے جس میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب اہم کردار ہونا چاہیے۔جوہری دہشت گردی عالمی تحفظ کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ جس سے نمٹنے کے لیے مضبوط اقدامات، سیاسی ، اقتصادی ، سماجی اور نفسیاتی بنیادوں پرعالمی تعاون کرنے ہوں گے۔ شمالی کوریا اور ایران کا جوہری پروگرام اجلاس میں زیر بحث نہیں لایا گیا۔