27 مارچ ، 2012
استنبول… وزیراعظم رجب طیب ایردوان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کے الزام میں گرفتار ترکی کے سابق آرمی چیف جنرل ایلکر باسبگ نے بغاوت کا الزام مسترد کردیا ہے۔2010ء میں ریٹائر ہونے والے جنرل باسبگ تختہ الٹنے کی سازش کے الزام میں گرفتار سب سے اعلیٰ فوجی عہدے دار ہیں۔سلویری جیل میں سماعت کے بعد جنرل ایلکر باسبگ نے کہا کہ ایک دہشت گرد گروپ چلانے کے الزامات پر حیران ہیں اس بات کا فیصلہ ترک قوم پر چھوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آرمی چیف نہیں بلکہ مسلح افواج کے خلاف مقدمہ ہے۔ عدالت کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ آرمی چیف پرمقدمہ چلائے اور وہ کسی سوال کا جواب نہیں دیں گے۔جنرل باسبگ اور دیگر درجنوں ملزمان کے خلاف فرد جرم میں ایک دہشت گرد تنظیم کی رکنیت،اسے ہدایات دینے، حکومت مخالف مسلح بغاوت کوابھارنے، سرکاری راز چرانے اور دھماکا خیزمواد رکھنے سمیت مختلف الزامات لگائے گئے تھے۔