14 دسمبر ، 2013
لاہور…چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار سپریم کورٹ لاہور رجسٹری آئے۔ان کی آمدکے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔سراغ رساں کتوں کی مدد سے ارد گرد کے علاقے کی تلاشی لی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچے تو پولیس نے گارڈآف آنر پیش کیا اور بینڈ پر ملی نغموں کی دھنیں بجائیں۔ لاہور رجسٹری کے عملے نے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی سے ملاقات کرکے انہیں مبارک باد دی۔ چیف جسٹس نے انتظامی امور کا جائزہ لیا، چیف جسٹس پاکستان کی آمد کے موقع پر مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری والی سڑک کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا۔ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی ارد گرد علاقے کی تلاشی لی جاتی رہی۔