پاکستان
28 مارچ ، 2012

کراچی میں تعلیمی، تجارتی سرگرمیاں بحال، ٹرانسپورٹ رواں دواں

کراچی میں تعلیمی، تجارتی سرگرمیاں بحال، ٹرانسپورٹ رواں دواں

کراچی… کراچی میں گذشتہ روز کے پر تشدد واقعات کے بعدمعمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں ، رات گئے رینجرز اور سی آئی ڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 8 افراد کو حراست میں لے لیا۔لیاری کے علاقے سنگو لین ، چیل چوک ،جھٹ پھٹ مارکیٹ ، غریب شاہ روڈ سمیت لیاری کے مختلف علاقوں سی آئی ڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی۔ سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے رہنماوں عزیر بلوچ، ظفربلوچ، احمد علی اور حبیب جان کے لیے سنگو لین میں چھاپے مارے۔ تاہم ان میں کوئی بھی شخص سی آئی ڈی پولیس گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں ہونے والی سی آئی ڈی کی کارروائی کی نگرانی ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے کی۔ ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹیڈ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ جبکہ آپریشن کے دوران کسی بھی قسم کے اسلحے کی برآمدگی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔گزشتہ رات لیاقت آباد میں سی ون ایریا کے علاقے الیاس گوٹھ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے سے خوف و ہراس پھیل گیا جس کے بعد رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے۔ انگارہ گوٹھ میں بھی دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ذرائع کے مطابق گلشن اقبال ابوالحسن اصفہانی روڈ پر رینجرز نے کارروائی کے دوران سیاسی جماعت کے تین کارکنوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔گذشتہ روز کے پرتشدد واقعات کے بعد آج معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں،سٹرکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ،مسافر بسز بھی رواں دواں ہیں جبکہ تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ہیں ۔

مزید خبریں :