Time 24 فروری ، 2025
دنیا

فرانس میں روسی قونصل خانے پر حملہ، عمارت کے احاطے میں دھماکہ خیز مواد پھینک دیا گیا

فرانس میں روسی قونصل خانے پر حملہ، عمارت کے احاطے میں دھماکہ خیز مواد پھینک دیا گیا
دھماکے کے مقام پر پولیس اور ریسکیو اہلکار تعینات ہیں— فوٹو: رائٹرز

فرانس کے جنوبی شہر مارسیلی میں واقع روسی قونصل خانے پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا۔ 

پولیس کے مطابق پیر کے روز قونصل خانے کے احاطے میں دھماکہ خیز مواد سے بھری 3 بوتلیں پھینکی گئیں جن میں سے 2 دھماکے سے پھٹ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بوتلیں قونصل خانے کے باغیچے میں گریں اور ماہرین ان کے مواد کا تجزیہ کر رہے ہیں۔ 

اس واقعے کے بعد قونصل خانے کے عملے کو کچھ دیر کے لیے عمارت کے اندر ہی رہنے کی ہدایت کی گئی اور اس دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کا معائنہ کیا۔

روسی قونصل خانے پر ہونے والے اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

روس نے اس حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے فرانس سے سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے، روس کی سرکاری نیوز ایجنسی تاس کے مطابق روسی حکام نے فرانس سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب یوکرین پر روسی حملے کو آج 3 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ مارسیلی میں روسی قونصل خانے کے احاطے میں ہونے والے دھماکے میں دہشت گردی کے تمام آثار موجود ہیں۔

فرانسیسی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم اس حملے کے پس پردہ مقاصد اور  ملزمان کے بارے میں ابھی تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

فرانسیسی حکومت کی جانب سے بھی اس حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :