16 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف کی اپنی غیر موجودگی میں ن لیگ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کی، اور مانیٹر بن کر خوب لطف لیا، اس موقع پر انھوں نے وزیروں کو بھی جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ کوئی وزیر سنجیدہ نہیں تو اس کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے، اس موقع پر انھوں نے ارکان اسمبلی کی حاضریاں چیک کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی بنا دی۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہاکہ ہر وزیرکو اپنی کارکردگی کو جانچنا چاہیے ،کوئی وزیرسنجیدہ نہیں تو وزیراعظم فیصلہ کریں گے،وزراء اور ارکان ہر صورت ایوان میں حاضری یقینی بنائیں ،کسی بھی کام کی صورت میں چیف وہپ کو آگاہ کیا جائے، کارکردگی کی بنیاد پر کوئی اور استعفیٰ دے یا نہ دے، میں سب سے پہلے دوں گا، آئندہ سے حاضری سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں،چوہدری نثار نے کہا کہ انہوں نے ارکان کی حاضری اور کارکردگی کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے کمیٹی میں زاہد حامد، برجیس طاہراور ریاض پیرزادہ شامل ہوں گے۔