16 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ڈرون حملوں کی مخالف ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ڈرون حملوں میں انتہائی اہم دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ سینیٹ نے نئے ڈیمز بنانے کی قرارداد اور سول سرونٹ ترمیمی بل2013 منظور کر لیا۔سینیٹ میں ملکی خارجہ پالیسی اور ڈرون حملوں پرتحریک پر بحث کے دوران فرحت اللہ بابر نے کہاکہ ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو بھی دی جائے، آج جو نیٹو سپلائی روک رہے ہیں ان میں سابق وزیر خارجہ بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے 3 سالہ دور میں ڈرون حملوں پر ایک لفظ اعتراض کا نہ کہا۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ دنیا بھر کے مطلوب دہشت گرد پاکستان میں ہیں، امریکا کا قانون ہے جہاں سے حملہ ہوگا وہاں حملہ کرے گا۔ سینیٹر عبد الروٴف بلوچ نے کہا کہ فوجی آمر خارجہ پالیسی بناتے رہے اس پر نظر ثانی کی جائے۔ ایوان نے نئے ڈیمز بنانے کے حوالے سے ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی۔ اے این پی کے الیاس بلور کا پیش کردہ سول سرونٹ ترمیمی بل2013 بھی منظور کر لیا گیا۔ اس بل کے تحت گریڈ 20 ،اس کے مساوی یا اوپر کے کسی سرکاری ا فسر کی ترقی دوہری شہریت چھوڑنے تک نہیں ہو گی۔ سینیٹ کا اجلاس اب منگل کی سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگا۔