16 دسمبر ، 2013
کراچی… متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سندھ اسمبلی نے بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے کالے قانون کے ذریعے عوام کے حقوق کو سلب کیا گیا ۔لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈرنینس کے خلاف سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ میڈیا سے گفتگو میں پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے سوال کیا کہ بلدیاتی قانون میں ترامیم کو اسمبلی میں کیوں نہیں لایاگیا؟پریس بریفنگ کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے ریلی نکا لی ،جس میں کارکنوں نے بھی شرکت کی۔پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب میں سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی قانون سے عام آدمی بااختیار نہیں ہوگا ۔ رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہر سطح پر احتجاج کاحق رکھتی ہے۔ اس موقع پراحتجاجی مظا ہرین نے بلدیا تی قانون کے خلاف پرزور نعرے لگائے۔متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سندھ اسمبلی بلدیاتی آرڈیننس میں ترامیم کو کالا قانون قرار دیتے ہو ئے اعلِی عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کو دہی اور شہری کی تقسیم سے بچایا جا ئے۔