16 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب کرلیاہے جس میں ملکی وسرحدی سلامتی کی صورت حال سمیت وزارت داخلہ کی تیار کردہ نئی قومی سیکیورٹی پالیسی کا جائزہ لیاجائیگا۔وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا ،جس میں وزارت داخلہ کی تیار کردہ نئی قومی سیکیورٹی پالیسی کا ڈرافٹ زیرغور لایا جائیگا،ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں ملک کے اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ جبکہ طالبان کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی حکمت عملی کے بارے میں امور بھی زیرغور آئیں گے ،ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان،وزیراطلاعات پرویزرشید،وزیردفاع خواجہ محمد آصف،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل ظہیرالسلام اور ڈی جی آئی بی سمیت وزیراعظم کے مشیرسلامتی سرتاج عزیز بھی شریک ہوں گے۔