دنیا
18 دسمبر ، 2013

امریکہ بھر میں کرسمس اور نئے سال منانے کیلئے تیاریاں عروج پر

 امریکہ بھر میں کرسمس اور نئے سال منانے کیلئے تیاریاں عروج پر

ڈیلس (راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ) امریکہ بھر میں کرسمس اور نئے سال کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں، بازار اور گلی کوچے جھلملاتی روشنیوں سے منور ہیں اور عمارتیں رنگ برنگے قمقموں سے‘ اس طرح تمام شہر روشنیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی کرسچن کمیونٹی بھی اس سلسلے میں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے جس کیلئے کرسمس پارٹیوں کا انعقاد شروع ہو چکا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان کرسچن کلچرل سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کی جانب سے بھی ایک بڑی کرسمس پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف پاکستانی مسیحیوں بلکہ بین المذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی فیملیوں کے ہمراہ کرسمس پارٹی میں شرکت کی۔ مذکورہ کرسمس پارٹی کے مہمان خصوصی لاہور کے قدیمی اسپتال کیلئے فنڈ جمع کرنے والی تنظیم فرینڈز آف یونائیٹڈ کرسچن اسپتال لاہور کے رہنماء ڈاکٹر نیتھن شاہد جلیل تھے جنہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بائبل کی تعلیمات خدا سے محبت اور انسانیت کی خدمت کے دائرہ میں ہیں اور یسوع مسیح کا پیغام بھی یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے انسانیت کی خدمت کی جائے، یہی وجہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد لاہور میں کرسچن کمیونٹی نے ایک اسپتال قائم کیا جو کہ اب بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک کمیونٹی پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ مذکورہ اسپتال کو فنڈز فراہم کریں جس کیلئے ہماری تنظیم فرینڈز آف یونائیٹڈ کرسچن اسپتال لاہور عطیات جمع کر رہی ہے۔ اس موقع پر پروگرام کے آرگنائزر اور پاکستان کرسچن کلچرل سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر جاوید سموئیل گِل‘ ارم جاوید گِل نے آنے والے افراد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ ہر سال کلچرل سوسائٹی کی جانب سے کرسچن پارٹی کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں نہ صرف مسیحی بلکہ بین المذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوتے ہیں اور ان کو ایک ساتھ بیٹھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ مذکورہ پروگرام کی نظامت نینا راحت گِل اور بختاور گِل نے انتہائی خوش اسلوبی سے سرانجام دیں جبکہ مسیحی رہنماء ڈاکٹر یسمول جی سالک نے کرسمس کا پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ پاسٹر سلیم گل‘ پاسٹر جارج مسیح‘ پاسٹر الیگزینڈر ولیم اور مائیک غوث نے خصوصی دعائیں کیں۔ پروگرام میں جن نمایاں اور مقتدر شخصیات نے شرکت کی اُن میں امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے چیئرمین سید فیاض حسن‘ پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور معروف پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے مصنف شاہد محمود ندیم‘ پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عامر سلیمان‘ ڈاکٹر جاوید اجمل‘ ڈاکٹر صادق جلیل‘ شعراء سید یونس اعجاز‘ طارق ہاشمی‘ نور امروہوی‘ شاہ عالم صدیقی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر مائیک غوث اور عرفان علی اے نے خطاب کرتے ہوئے کرسمس کا بھرپور پروگرام پیش کرنے پر جاوید سموئیل اور ان کی اہلیہ ارم کو مبارکباد پیش کی۔ پروگرام میں جہاں اپنی فیملیوں کی خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں وہاں پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے بھی دعائیں کی گئیں جبکہ سُمبل جاوید اور مقتدر شخصیات کی کئی بچیوں نے پاکستانی ملی نغمہ ”سوہنی دھرتی اللہ رکھے“ پیش کیا جس میں جاوید سموئیل نے ہارمونیم‘ ارم سموئیل نے ستار اور بختاور نے طبلہ پر بچیوں کا ساتھ دیا جبکہ مقامی فنکاروں اور گلوکاروں جن میں پاسٹر سلیم‘ البشا حافظ‘ نینا گل‘نیشیا گِل‘ زیک سولومن‘ کامران اور حفیظ نے کرسمس کے گیت گا کر محفل کو گرما دیا جبکہ مقامی شعراء جن میں سید یونس اعجاز‘ نور امروہوی‘ طارق ہاشمی اور ڈاکٹر شمسہ قریشی نے کرسمس کی مناسبت سے اشعار اور غزلیں پیش کر کے ڈھیروں داد وصول کی۔ کلچرل سوسائٹی کی جانب سے مقتدر شخصیات کو تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں جن میں ڈاکٹر عامر سلیمان‘ ڈاکٹر صادق جلال‘ ڈاکٹر راج کمار‘ راجہ زاہد خانزادہ‘ راحت سموئیل گِل‘ آغا ضیاء اللہ خان‘ سیمسن شہباز اور دیگر شامل تھے۔ مذکورہ پروگرام میں آنے والے مہمانوں کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا جبکہ سانتا کلاز نے بچوں میں ڈھیروں تحائف تقسیم کئے اور اپنا ڈانس پیش کیا۔ اس طرح یہ رنگا رنگ تفریح سے بھرپور پروگرام رات گئے تک جاری رہا جس میں آنے والے افراد نے اپنی فیمیلوں کے ہمراہ بھرپور طریقے سے انجوائے کیا۔

مزید خبریں :