28 مارچ ، 2012
کراچی… واجبات کی عدم ادائیگی پرکے ای ایس سی نے واٹر بورڈ کالوڈشیڈنگ سے استثنیٰ ختم کرتے ہوئے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر چار گھنٹے تک لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے۔ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق لوڈشیڈنگ کے باعث چوبیس ملین گیلن فی گھنٹہ پانی کی سپلائی شہر کو متاثر ہورہی ہے۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق گذشتہ روزبھی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اٹھارہ کروڑ گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی صبح اٹھ بجے سے لوڈشیڈنگ کے لئے بند کردی گئی۔ادھر ترجمان کے ای ایس سی کا موقف ہے کہ واٹر بورڈ نے کے ای ایس سی کے 17کروڑ روپے کے واجبات یقین دہانیوں کے باوجود ادا نہ کئے۔ترجمان کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر صرف دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر چار گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اورکے ای ایس سی واٹر بورڈ کو مفت بجلی فراہم نہیں کرسکتی۔گزشتہ دنوں منقطع کی گئی بجلی واجبات کی ادائیگی سے متعلق حکومتی یقین دہانی پر بحال کی گئی تھی لیکن تاحال سندھ ہائیکورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے 5کروڑ کا چیک ناظر کو نہیں جمع کروایاگیا۔