پاکستان
18 دسمبر ، 2013

غیر جمہوری ہتھکنڈو ں کے باوجود کراچی حیدرآباد کے میئرمتحدہ کے ہونگے،الطاف حسین

 غیر جمہوری ہتھکنڈو ں کے باوجود کراچی حیدرآباد کے میئرمتحدہ کے ہونگے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی جانب سے غیرجمہوری اور آمرانہ آرڈی نینسوں کے اجراء اور غیرآئینی اورغیرقانونی ہتھکنڈوں کے باوجود سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔انہوں نے یہ بات آج کراچی میں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی کے ارکان اورارکان اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان نے الطاف حسین کو پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کی جانب سے شہری سندھ کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے بلدیاتی نظام کے ترمیمی آرڈی ننس کے اجراء ، غیرقانونی حلقہ بندیوں اوردیگرغیرجمہوری ہتھکنڈوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے اراکین رابطہ کمیٹی سے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت اپنی روایت کے تحت چاہے کیسے ہی غیر جمہوری ہتھکنڈے کیوں نہ اختیارکرے اس کے منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے اورتمام ترغیرجمہوری اورآمرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود انشاء اللہ ایم کیوایم کے امیدواربھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، انشاء اللہ کراچی اورحیدرآباد کامیئربھی ایم کیوایم سے ہوگا اور دیگرشہروں سے بھی ایم کیوایم کے میئرزاورچیئرمین منتخب ہوں گے۔ الطاف حسین نے کہاکہ مخالفین چاہے کیسے ہی سازشیں اور پروپیگنڈے کیوں نہ کرلیں عوام ایم کیوایم کی سچائی پر یقین رکھتے ہیں اورتمام نسلی ولسانی اکائیوں ،فقہوں، مسالک اورمذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام بلاتفریق ، زبان ،علاقہ ومذہب ایم کیوایم کوہی اپنے حقوق کی اصل ترجمان جماعت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے سندھ کے تمام مظلوم عوام سے کہاکہ وہ چاہے شہری علاقوں میں رہتے ہوں یادیہی علاقوں میں ،وہ سندھ کے مستقل باشندوں کے اتحاد کوپارہ پارہ کرنے والی قوتوں کوناکام بنانے کیلئے ایم کیوایم کے امیدواروں کوبھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

مزید خبریں :