28 مارچ ، 2012
اسلام آباد … چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے مقررہ حدسے زائد انتخابی اخراجات سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ وفاق جواب داخل کرے، وفاق کونہ سنا گیا تو کل نظرثانی کی درخواست آجائیگی۔ سپریم کورٹ میں مقدمہ کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا جبکہ وفاق کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے کے بارے میں عدالت کی جانب سے دریافت کرنے پر اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے مہلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاق سے ہدایات لے کرجواب کے بار ے میں آگاہ کریں گے۔ عدالت میں مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ سیاستدان حلف اٹھاتے ہی جھوٹ بولنا شروع کر دیتے ہیں۔ ایک امریکی صحافی نے ان سے دریافت کیا کہ زرداری طاقتور ہیں یا کیانی، جس پر انہوں نے جواب دیاکہ سب چیف جسٹس سے ڈرتے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کی بات کی ہے۔ کیس کی مزیدسماعت 9اپریل کوہوگی۔