28 مارچ ، 2012
صنعاء … یمن کے جنوبی شہر عدن میں نامعلوم مسلح افراد نے سعودی عرب کے سینئر سفارت کار کو اغواء کرلیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یمنی پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز جنوبی یمن کے سب سے بڑے شہر عدن میں نامعلوم مسلح افراد نے سعودی قونصل خانہ کے نائب قونصل عبداللہ الخالدی کو اس وقت اغوا کر لیا جب وہ اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ مغوی سفارت کار پر 4 ماہ قبل بھی مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جنہوں نے ان کی گاڑی چھین لی تھی اور فرار ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ جنوبی یمن کے بیشتر شہروں و قصبوں پر القاعدہ کا اثر ورسوخ بڑھ گیا ہے۔