پاکستان
30 دسمبر ، 2013

بھاری اکثریت سے عوام کوحقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا،الطاف حسین

بھاری اکثریت سے عوام کوحقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے بارے میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے سے ایک بارپھرثابت ہوگیاہے کہ بھاری اکثریت کے غرور میں مبتلالوگ محروم ومظلوم ،کچلے ہوئے اور پسے ہوئے عوام کے حقوق کونہیں کچل سکتے۔انہوں نے یہ بات پیرکی شب نائن زیروپر ایم کیوایم کے تمام تنظیمی شعبہ جات اورونگز کے ارکان سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الطا ف حسین نے ہائیکورٹ کے فیصلے پروکلاء کی ٹیم اور ایم کیوایم کے تمام تنظیمی ونگز،شعبہ جات اورتنظیمی کمیٹیوں کے ارکان کودل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کی،انھوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کافرمان ہے کہ ” بے شک حق غالب آنے کیلئے ہے اور باطل مٹنے کے لئے ہے “۔ اللہ تعالیٰ تحریکوں اورقوموں کوکڑی آزمائشوں اورامتحانات سے گزارکر نہ صرف ان کے صبرکاامتحان لیتاہے بلکہ ان کے عزم وحوصلے اورہمت کوبھی اس طرح تولتا ہے کہ پوری دنیا دیکھے ۔ آج پوری دنیانے دیکھ لیاکہ حکومت سندھ کس طرح صوبہ کی دیگرتمام سیاسی جماعتوں خصوصاً شہری علاقوں کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کوقانون سازی کے عمل سے دورکرکے اپنے من مانے فیصلے کررہی تھی لیکن اللہ نے فرمایاکہ فتح بالآخر حق اورسچ کی ہوتی ہے اوران کی ہوتی ہے جوصبرکرتے ہیں،مایوس نہیں ہوتے ،ڈٹے رہتے ہیں، ثابت قدم رہتے ہیں اورمستقل مزاجی سے اپنے راستے پرچلتے رہتے ہیں۔الطا ف حسین نے تمام ارکان کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ماضی میں بھی آپ کوآزمائشوں اورامتحانات سے گزاراہے اوراب بھی گزارا لیکن آپ کے صبرواستقامت، ہمت وحوصلے اورمستقل مزاجی کے ساتھ ڈٹے رہنے کی بدولت اللہ تعالیٰ نے آپ کوفتح وکامرانی سے ہمکنارکیا۔ انہوں نے تمام ارکان سے کہاکہ وہ اللہ تعالیٰ کی اس مہربانی پر نفل شکرانہ اداکریں جبکہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے کارکنان اپنی اپنی عبادت گاہوں میں شکرانہ ادا کریں ، ایم کیوایم کے ایک ایک کارکن اورذمہ دارخواہ وہ چاہے جسمانی طورپرکتنا ہی کمزورکیوں نہ ہو، اس کایہ عہد ہے کہ جب تک ایم کیوایم کاایک ایک کارکن زندہ ہے پاکستان سے حق اورسچ کومٹایانہیں جاسکتا۔ الطاف حسین نے ہائیکورٹ کے فیصلے پربیرسٹرفروغ نسیم سمیت ایم کیوایم کی وکلاء کی پوری ٹیم اورتمام تنظیمی شعبوں کے ارکان اوررابطہ کمیٹی کوزبردست مبارکباد اورخراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں :