پاکستان
31 دسمبر ، 2013

صرف جنرل مشرف پر غداری کامقدمہ چلاناناانصافی اورظلم ہے، الطاف حسین

صرف جنرل مشرف پر غداری کامقدمہ چلاناناانصافی اورظلم ہے، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ صرف اور صرف سابق صدر جنرل پرویزمشرف کوتنہاء کرکے ان پر غداری کامقدمہ چلاناسراسر غیرآئینی اقدام ،کھلی ناانصافی اورظلم ہے اوراس کے پس پردہ متعصبانہ اورزہریلی ذہنیت بھی کارفرماہے، اگر غداری کامقدمہ چلاناہے توہراس فردپرچلایاجائے جس نے جنرل پرویزمشرف کابالواسطہ یابلاواسطہ یا کھلے یادرپردہ overtly) یا covertly (ساتھ دیاخواہ وہ سیاسی یا مذہبی رہنماہوں،جرنیل ہوں، ججزہوں،کوئی ادارہ ہویاادارے ہوں۔انہوں نے یہ بات مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ٹیلیفون پرگفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے سابق صدر پرویز مشرف پرغداری کے مقدمہ کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین کے گزشتہ روز کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے کہاکہ آپ نے جرات وہمت کامظاہرہ کرتے ہوئے سچ بیان کیاہے جس پر ہم آپ کوشاباش پیش کرتے ہیں، دیگر لوگوں کو بھی منافقت اور احسان فراموشی کے بجائے سچ بولناچاہیے اور سچ کاساتھ دینا چاہیے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ لوگ احسان فراموشی کامظاہرہ کرتے ہیں،کل تک جنہیں سجدہ کرتے ہیں،جن سے وزارتیں اورمراعات لیتے ہیں انہی سے بے وفائی کرتے ہیں اورانہیں مغلظات دیتے ہیں۔انہوں نے چوہدری شجاعت حسین سے کہاکہ آپ نے کھل کرسچ بیان کرکے ثابت کیاکہ آج بھی باضمیر لوگ موجودہیں،انھوں نے چوہدری شجاعت حسین کی اس بات سے مکمل اتفاق کیاکہ صرف اورصرف جنرل پرویز مشرف پر مقدمہ چلاناغلط ہے ،یہ بات افسوسناک ہے کہ آج ساری خرابیوں کا ذمہ دارجنرل پرویزمشرف کو قرار دیا جارہا ہے اورانہیں انتقام کانشانہ بنایاجارہاہے، انصاف کاتقاضہ تو یہ ہے کہ مقدمہ صرف ایک آدمی پر نہ چلایا جائے اوراسے انتقام اورتعصب کی بھینٹ نہ چڑھایاجائے۔ہمیں نفرت وتعصب اورظلم وزیادتی سے گریزکرناچاہیے کیونکہ اسی عمل نے ملک کو توڑ ڈالا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے الطا ف حسین کے خیالات سے مکمل اتفاق کیااورکہاکہ بدقسمتی سے آج چاروں طرف منافقت اورنفرت وتعصب ہے ۔اس موقع پر دونوں رہنماوٴں نے ایک دوسرے کی خیریت بھی دریافت کی اورنیک جذبات کااظہارکیا۔

مزید خبریں :