04 جنوری ، 2014
لاہور…وزیرقانون راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد رک گیا ،اب پہلا شیڈول منسوخ کر کے نیا شیڈول جاری کرنا پڑے گا۔ فیصل آباد میں فرانسیسی حکومت کے تعاون سے پانچ ارب روپے کے فراہمیٴ آب کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کمیشن کا آئینی اختیار ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کرے، اس سلسلے میں اسے پنجاب حکومت کی کسی ہدایت کی ضرورت نہیں، عدالت کا فیصلہ ملنے کے بعد ہی حکومت اپیل کرنے کے بارے میں طے کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے میں نوازشریف کسی بھی ڈیل کی اجاز ت نہیں دیں گے اور نہ ہی اندرون ملک یا بیرون ملک سے کسی دباوٴ میں آکر کوئی فیصلہ کریں گے، ڈیل اور پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کی افواہ سازی بند ہونی چاہیے۔