07 جنوری ، 2014
واشنگٹن …امریکا میں دو دہائیوں کی شدید ترین سردی اور برف باری سے کئی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔برفانی ہواوٴں نے وسطی ریاستوں میں زندگی کومنجمد کردیا ہے۔سڑکیں، اسکول،بازار سب بندپڑے ہیں،شہری گھروں میں محصورہوکررہ گئے۔امریکا کی وسطی ریاستوں میں برفیلی ہواوٴں نے قہر ڈھایا ہوا ہے۔اسکول ،بازار، دفاتر سب بندپڑے ہیں ،زمین پر گاڑیاں اور فضا میں جہاز بھی سردی کا مقابلہ کرنے سے قاصرنظرآرہے ہیں، سڑکیں ویران ہیں اورسیکڑوں پروازیں بھی منسوخ کی جاچکی ہیں۔مشرقی اور جنوبی ریاستوں میں بھی سردی کا راج بر قرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شکاگو، سینٹ لوئیس اور انڈیاناپولس میں درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا جبکہ وسط مغربی ریاستوں مونٹانا، شمالی اور جنوبی ڈکوٹا، مینی سوٹا، آئیووا، وسکونسن، مشی گن اور نبراسکا میں درجہ حرارت منفی 20 سے چالیس سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔مغربی اور وسطی شمالی ڈکوٹا میں منفی 51 سینٹی گریڈ کی سرد ہواوٴں کو جان لیوا قرار دیتے ہوئے شہریوں کوتمام ترحفاظتی انتظامات اختیارکرنے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔کئی ریاستوں میں اسکول بند کردیے گئے ہیں اور کاروبار دوپہر تک بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔