29 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے پاکستان کیلئے فنڈز کی فراہمی تیز کی جائے تاکہ رواں مالی سال کے اختتام تک مالیاتی خسارے کم کرنے میں مدد ملے۔ اسلام آباد میں امریکا کے سفیر کیمرون منٹر سے ملاقات میں ان کا کہنا تھاکہ سیلاب کی وجہ سے حکومت کو مالی خسارہ کنٹرول کرنے او ر اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات در پیش ہیں۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایاکہ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے واجبات پر بھی بات چیت ہوئی، اس جنگ میں پاکستان کے واجبات ساڑھے 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں اور امریکا اس میں سے ڈھائی ارب ڈالر کے واجبات تسلیم بھی کرچکا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس موقع پر کیری لوگر بل کے واجبات کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس بل کے تحت پاکستان کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کیے جانا ہیں تاہم اب تک صرف 65 کروڑ ڈالر کی رقم ہی آسکی ہے۔