پاکستان
29 مارچ ، 2012

توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے قومی توانائی کانفرنس 9 اپریل کو بلانے کا فیصلہ

توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے قومی توانائی کانفرنس 9 اپریل کو بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد … ملک میں جاری توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے قومی توانائی کانفرنس 9 اپریل کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم نے عام آدمی کو بجلی کیلئے فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وزارت خزانہ کو 6 ارب روپے فوری طور پر وزارت پانی وبجلی کو ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم گیلانی کی زیرصدارت ہوا ۔اجلاس میں خزانہ، خارجہ ، پانی و بجلی اور پیٹرولیم کے وزراء، وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی بحران پر قابو پانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ جیو نیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو ذرائع نے بتایاکہ وزارت پانی وبجلی کی طرف سے آئی پی پیز کو اضافی گیس کی فراہمی کی تجویز بھی دی گئی ہے جس کے تحت کھاد سیکٹر سے یومیہ 210 ملین مکعب فٹ گیس کاٹ کر نجی بجلی گھروں کو دی جائے تو 1100میگا واٹ اضافی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ وزیراعظم نے نجی بجلی گھروں کو ضرورت کے مطابق اضافی گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعے توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے عام آدمی کو بجلی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سرکاری حکام کا کہناہے کہ وزارت خزانہ 6 ارب روپے فوری طور پر وزارت پانی وبجلی کو دے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ کی خصوصی کمیٹی روزانہ اجلاس منعقد کرے اور بجلی و گیس کے بحران کو ختم کرنے میں فوری اقدامات اٹھائے۔

مزید خبریں :