پاکستان
29 مارچ ، 2012

سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق اصغر خان کیس کی سماعت کل ہوگی

اسلام آباد … فوج کی جانب سے سیاستدانوں کو مبینہ طورپر رقوم بانٹنے کیخلاف سپریم کورٹ میں اصغرخان کیس کی سماعت کل ہورہی ہے۔ گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ نے سیاستدانوں سے رقوم واپس لینے کیلئے کمیشن کے قیام کے حوالے سے فریقین کو نوٹسز جاری کئے تھے جس میں اسلم بیگ، اسد درانی کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔ سپریم کورٹ میں گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل نے بتایا تھا کہ نصیراللہ بابر، اسلم بیگ اور اسد درانی کے کلاسیفائڈ بیانات میں کوئی چیز کلاسیفائڈ نہیں ہے، جس پر عدالت نے کہاتھاکہ ان بیانات کو مشتہر کرنے سے متعلق آئندہ سماعت پر مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے 2009ء میں حکومت پنجاب کو تبدیل کرنے کیلئے ایک خبر کا حوالہ دیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انٹیلی جنس بیورو کے خفیہ فنڈ سے بڑی رقم حکومت پنجاب کو گرانے کیلئے استعمال کی گئی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل بتائیں کہ ایجنسیوں کا سیاسی کردار کیسے ختم ہوسکتا ہے۔ سپریم کورٹ نے سیاستدانوں سے رقوم واپس لینے کیلئے کمیشن کے قیام کی خاطر یونس حبیب کی متفرق درخواست پر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کئے تھے۔

مزید خبریں :