09 جنوری ، 2014
کراچی …شہید ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم نے ملک کیلئے جان دی، ایساافسر پولیس میں پیدا نہیں ہوگا۔ چوہدری اسلم کی اہلیہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ چوہدری اسلم کی اپنے بچوں کو ٹیوشن پر چھوڑنے کی آخری خواہش پوری نہ ہوسکی، صبح 7 بجے مقابلے سے فارغ ہوکر گھر آئے، سو کر اٹھے تو پولیس ہیڈ آفس سے کال آگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم کو اپنے 11 سے 15سال کے تین بیٹوں کوچار بجے ٹیوشن پر لے جانا تھا، بچوں کو ٹیوشن چھوڑتے ہوئے جانے کا کہا، بچے تیار ہوئے تو دفتر سے پھر فون آگیا،ڈرائیور کو بچوں کو ٹیوشن چھوڑنے کا کہہ کر چوہدری اسلم جلدی سے نکل گئے۔ چوہدری اسلم کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اگر بچوں کو ٹیوشن چھوڑتے ہوئے جاتے تو روٹ تبدیل ہوتا اور چوہدری اسلم کی جان بچ جاتی۔ چوہدری اسلم نے اہلیہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔