10 جنوری ، 2014
اسلام آباد…چودھری اسلم اور ہنگو کے طالب علم اعتزاز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سینٹ میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی ، اے این پی اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز کراچی کی صورت حال کے خلاف سینٹ سے واک آوٹ کر گئے۔شاہی سید نے مطالبہ کیا ہے کہ سوات اور بونیر کی طرز پر کراچی میں بھی فوجی آپریشن کیا جائے۔ سینیٹر طاہر مشہدی کہتے ہیں کہ کراچی رہنے کے قابل نہیں رہا۔چیئرمین نیئر بخاری کی صدارت میں سینٹ کا اجلاس جاری ہے، پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے سی آئی ڈی افسرچودھری اسلم اور ہنگو کے طالب علم اعتزاز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سینٹ میں قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اے این پی کے سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بیسز کے خاتمے تک دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی ،کراچی میں فوجی آپریشن ہونا چاہئے،ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ ان کے 150 کارکن ہلاک کیے گئے، کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیوں نہیں کیا جا رہا۔