13 جنوری ، 2014
ہنگو…خیبرپختونخوا حکومت نے ہنگو کے شہید طالب علم کے ورثا کیلئے 50 لاکھ روپے امداد اور گورنمنٹ اسکول اعتزازحسن کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر امجد آفریدی اور دیگرنے ہنگوکے علاقے ابراہیم زئی میں شہید اعتزاز حسن کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر امجد آفریدی نے اعتزاز حسن کے اہلِ خانہ کو پچاس لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ انھوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول کو اعتزاز حسن کے نام منسوب کرنے اور شہید اعتزاز حسن کے نام سے اسٹیڈیم بنانے کا بھی اعلان کیا۔دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان نے وزیر اعظم اور صدر کی جانب سے شہید اعتزاز حسن کی قبر پر پھول چڑھائے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ 15 سالہ اعتزاز حسن نے ہنگو میں خودکش حملہ آور کو روک کر کئی جانیں بچالی تھیں۔