پاکستان
16 جنوری ، 2014

نواب شاہ حادثے میں زخمی 7 بچے کراچی کے نجی اسپتال منتقل

نواب شاہ حادثے میں زخمی 7 بچے کراچی کے نجی اسپتال منتقل

نواب شاہ …نوابشاہ حادثے میں زخمی ہونے والے 7 بچوں کو کراچی کے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ نوابشاہ میں اندھے ڈمپر نے پھول جیسے بچوں کومسل دیا۔ کئی بچے جہانِ فانی کو الوداع کہہ گئے۔ جو زندہ بَچے ہیں ان کی الجھی ہوئی سانسوں کو سنوارنے کیلیے پیپلزمیڈیکل اسپتال کے ڈاکٹر سَرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ 5 بچیاں آئی سی یو، 5 بچے نیوروسرجری اور تین آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ اسپتال حکام کے مطابق 10 بچوں کی حالت نازک ہے۔اندوہناک سانحے نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر شیرزمان سومرو کوبھی جذباتی کردیا۔ والدین دعائیں مانگ رہے ہیں کہ خدا اْن کے سَہاروں کو زندگی دے۔افسوسناک سانحے میں جو بچے اپنے والدین سے جدا ہوئے ان کی میتیں ماں باپ کے حوالے کی جاچکی ہیں۔ متاثرہ گھروں میں ہی نہیں بلکہ ان علاقوں میں بھی کہرام مچا ہے۔دولت پور کے نجی اسکول کے طالب علم بدھ کو اپنے اساتذہ کے ساتھ کوئز کمپٹیشن میں حصہ لینے نواب شاہ گئے تھے۔ کامرانی سمیٹ کر گھر واپسی کے لیے نکلے لیکن پہنچ نہ سکے۔ قاضی احمد لنک روڈ پر تیز رفتارڈمپر وین سے آٹکرایا۔ وین میں آٹھویں جماعت کی عائشہ بھی سوار تھی۔ کہتی ہیکہ ڈمپر کی ٹکرلگتے ہی وین ٹکڑوں میں بٹ گئی۔۔سہیلیاں چھین گئیں۔۔ کسی کا پتا چلا تو کسی کا نہیں۔رباب بھی میرے ساتھ تھی وہ اب نہیں رہی۔ مریم کا پتا نہیں چل رہا۔حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ اسکول وین میں سوار جو لوگ زندہ بچے وہ اپنے ہوش بھی گنوا بیٹھے۔کون سا حادثہ کیسا حادثہ کوئی حادثہ نہیں ہوا۔حادثے میں کسی کا بیٹا جدا ہوا اور کسی کا بھائی۔میرا بھائی تھا۔ ساتویں جماعت میں پڑھتا تھا۔حادثے کے مقام سے ملنے والی بچوں کی بکھری کتابوں۔۔ گرم ٹوپیوں۔۔ جوتوں اور دیگر سامان کو زندگی کی سانسیں بند ہوتے ہی گٹھری میں بند کردیا گیا۔ پھول سے بچے چلے گئے اور ماں باپ کے پاس اپنی یہی نشانیاں چھوڑ گئے۔

مزید خبریں :