17 جنوری ، 2014
پشاور…پشاور میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تبلیغی مرکز سے مزید 2 بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیے گئے۔ نوشہرہ میں بھی تبلیغی مرکز میں نماز عشا کی ادائیگی سے کچھ دیر قبل 5 کلو وزنی بم برآمد کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پشاور میں دہشت گردوں نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنا رکھا تھا، تبلیغی مرکز میں تین بم نصب کیے گئے تھے۔ پہلے بم کے دھماکے کے بعد تبلیغی مرکز کا معائنہ کیا جارہا تھا، ا س دوران 5،5 کلو کے مزید 2 بم برآمد کیے گئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بموں کو دھماکا کرکے تلف کردیا۔ ادھر نوشہرہ میں بھی دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیاگیا۔ ڈی پی او نوشہرہ رب نواز کے مطابق تبلیغی مرکز میں عشا کی نماز سے کچھ دیر قبل بم کی اطلاع ملی جس کے بعد تبلیغی مرکز کو خالی کر اکے اس کے پارکنگ ایریا میں رکھا بم برآمد کرلیاگیا۔ بم دیسی ساختہ تھا جس میں پانچ کلو بارودی مواد کے ساتھ بال بیرنگ اور پٹرول استعمال کیاگیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم ناکارہ بنادیا۔