17 جنوری ، 2014
لاہور… گردونواح کے بعد لاہور شہر کے اندر بھی دھند چھانے کا عمل جاری ہے، علامہ اقبال ائرپورٹ پر گہری دھند کے باعث تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، دھند کی وجہ سے لاہورسے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے بھی بند کردی گئی ہے۔ لاہورکے گردو نواح میں گہری دھند کے باعث علامہ اقبال ائر پورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں ، لاہور آنے والی پروازوں کو دوسرے شہروں کی طرف موڑا جارہا ہے۔ پروازوں میں جدہ، کویت اور دیگر شہروں کی پروازیں شامل ہیں۔ گردنواح کے بعد شہر کے اندر بھی وقفے وقفے سے دھند چھانے کا عمل جاری ہے جس سے ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ادھر شدید دھند کے باعث موٹروے پر حدنگاہ صفر ہوگئی ہے جس کے بعد لاہورسے پنڈی بھٹیاں تک موٹروے بندکردی گئی ہے۔ ترجمان موٹروے کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں سے جی ٹی روڈ کی طرف موڑا جارہا ہے۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں اور اگلی گاڑی سے وقفہ رکھ کر احتیاط سے گاڑی چلائیں۔