19 جنوری ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے منگھوپیر میں رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔آپریشن کے دوران پورے علاقے کو محاصرے میں لے کرگھر گھر تلاشی کے دوران متعدد افراد کوحراست میں لے کر اسلحہ بھی برآمد کیا گیاہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے اور کسی بھی شخص کو علاقے میں آنے اور جانے کی اجازت نہیں ہے۔ رینجرز آپریشن میں خواتین رینجرز اہلکارسمیت ایک ہزار اہلکار شریک ہیں۔ ترجمان کے مطابق کارروائی کالعدم تنظیم سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جارہا ہے۔ آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔آپریشن کے دوران علاقے میں صبح کھلنے والی دکانیں بھی بند ہیں۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد افرا د کو حراست میں بھی لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ آپریشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر حامد کا کہنا تھاکہ آپریشن کے دوران 20 ملزمان کو گرفتار کرکے 30 سے زائد ہتھیار برآمد کیے گیے ہیں اور گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیموں کے لوگ بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا محرم بڑا حساس ہوتا تھا اور جو واقعہ اورنگی میں ہوا اس پر پولیس اور رینجرز کی انٹیلی جنس کام کررہی ہے۔