20 جنوری ، 2014
راولپنڈی…راولپنڈی کے آر اے بازار میں خود کش حملے سے سیکیورٹی اہل کاروں سمیت 13افراد جاں بحق ہوگئے ، 24زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے ، کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔آج صبح تقریباً سات بج کر چالیس منٹ پر خود کش حملہ آور نے آر اے بازار میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکا اتنا ززور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، حملہ آور کا ہدف سیکیورٹی اہل کار تھے جبکہ عام شہری بھی اس کی زد میں آئے، سیکیورٹی فورسز نے فوری پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا، اور کسی کو دھماکے کی جگہ جانے کی اجازت نہیں دی، زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ، ایس پی پوٹھوہار نے دھماکے میں 6 اہلکاروں اور 7شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے ، دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں ، تحقیقاتی اداروں نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، ذرائع کے مطابق دو مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، کالعدم تحریک طالبان نے آر اے بازار دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ، گزشتہ روز بنوں میں سیکیورٹی قافلے پر بھی حملے کی ذمہ داری بھی تحریک طالبان نے قبول کی تھی ۔