پاکستان
20 جنوری ، 2014

عمران خان کا دہشتگردی کے حوالہ سے بیان احمقانہ ہے،رانا ثناء

 عمران خان کا دہشتگردی کے حوالہ سے بیان احمقانہ ہے،رانا ثناء

لاہور… وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قوم کو دہشت گردوں کے ساتھ احمق سیاستدانوں کا بھی سامنا ہے ، عمران خان کا دہشت گردی کے حوالہ سے بیان بے وقوفی پر مبنی اور احمقانہ ہے۔فیصل آباد کے علاقہ سمن آباد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بنوں اورروالپنڈی میں دہشت گردوں نے سیکورٹی ایجنسیز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 50اہلکار شہید ہوئے ، شرپسند ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بن کر بلاجواز حملے کر رہے ہیں۔ دہشت گردی میں کئی الگ الگ گروپ ملوث ہیں ، جو مذاکرات کے ذریعے ہتھیارڈالنا چاہتے ہیں ان سے مذاکرات کی کوشش کی جائے اور جو ہتھیار اٹھائے رکھنا چاہتے ہیں ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دونوں واقعات کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہی لوگ مذاکرات کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں جن سے مذاکرات کی بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دہشت گردی کے خلاف جدوجہدکو آگے بڑھانے کی بجائے قوم کو کنفیوژ کر کے منفی اور ضدی بچے کا کردار ادا کر رہے ہیں ، عمران خان مذاکرات کی بات کرتے ہیں مگر اس معاملہ میں کوئی کردار ادا کرنے کو تیار نہیں ، عمران خان کا دہشت گردی کے حوالہ سے بیان بیوقوفی پر مبنی اور احمقانہ ہے۔

مزید خبریں :