پاکستان
23 جنوری ، 2014

مستونگ حملے کیخلاف ہزارہ برادری کا میتیوں کے ساتھ دھرنا جاری

مستونگ حملے کیخلاف ہزارہ برادری کا میتیوں کے ساتھ دھرنا جاری

کوئٹہ…سانحہ مستونگ کے خلاف کوئٹہ کے علمدار روڈ پر ہزارہ برادری کی جانب سے سانحے میں جاں بحق افراد کی میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین نے قاتلوں کی گرفتاری اور ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔بلوچستان شیعہ کانفرنس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف موٴثر کارروائی تک دھرنا نہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔سانحہ مستونگ کے خلاف جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور ہزارہ برادری کے افراد میتوں کے ہمراہ گزشتہ روز صبح 10 بجے علمدار روڈ کے شہدا چوک پر جمع ہوئے اور وہاں دھرنا دے دیا۔سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے 28افراد کی میتیں رکھ کر ان لواحقین اور ہزارہ برادی کے افراد سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان شیعہ کانفرنس کے قائم مقام صدر سید مسرت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ پر وفاقی حکومت کے ردعمل کاانتظار ہے، ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن ہوگا تو ہی دھرناختم ہوگا۔علاوہ ازیں سانحہ مستونگ کے خلاف کوئٹہ، لاہور،ملتان، حیدرآباد اور کراچی میں بھی دھرنے جاری ہیں۔

مزید خبریں :