23 جنوری ، 2014
کراچی…سانحہ مستونگ کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔ کراچی میں نمائش چورنگی، تین تلوار، انچولی و دیگر علاقوں میں دھرنا جاری ہے۔احتجاج میں شامل افراد کا کہناہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔لاہورمیں بھی مجلس وحدت مسلمین کا دھرنا کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ گورنرہاوٴس کے سامنے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماوٴں کاکہناتھاکہ جب تک کوئٹہ میں دھرنا ختم نہیں ہوتا وہ بھی احتجاج ختم نہیں کریں گے۔سانحہ مستونگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان فیض آباد پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مری روڈ ٹریفک کیلیے بند ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے امام بارگاہ ستریوٹ سے ریلی نکالی گئی جس نے نواں چوک پر دھرنے کی شکل اختیار کرلی،، مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔حیدرآباد بائی پاس قومی شاہراہ پر، دادومیں انڈس ہائی وے پر اور نواب شاہ میں شیعہ علما کونسل کی جانب سے پریس کلب کے سامنیدھرنا جاری ہے جبکہ جیکب آباد میں قومی شاہراہ، شکارپور میں لکھی درچوک میں لوگ احتجاج کررہے ہیں۔