23 جنوری ، 2014
کراچی…سندھ ہائیکورٹ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت چار فروری تک ملتوی کردی ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں چھ ڈی آئی جیزنے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ شاہد حیات کی ایڈیشنل آئی جی کراچی کی حیثیت سے ترقی اور تقرری قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ شاہد حیات سنیارٹی لسٹ میں چھیاسی نمبر پر ہیں کئی سینیئرز کو نظر انداز کر کے شاہد حیات کو ترقی دی گئی۔ گزشتہ سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اختیار کیا تھا کہ چار ستمبر کے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی کے لیے شاہد حیات کا نام تجویز کیا گیا اور انہیں کراچی آپریشن کے ٹاسک کے تحت ایڈیشنل آئی جی کا عہدہ دیا گیاجو عارضی ہے۔ آج عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کی نمائندگی نہ ہونے کے باعث بغیر کسی کارروائی کے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔