31 جنوری ، 2014
لندن…اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان کے ساتھ رابطوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ کراچی پولیس چیف کہتے ہیں کہ محسن علی سید اور محمد کاشف خان کامران کے نام سے کسی گرفتاری کا ریکارڈ نہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات نے کہا ہے کہ جن دو افراد کی شناخت محسن علی سید اور سید محمد کاشف خان کامران کے ناموں سے کی گئی ان کی گرفتاری کا کوئی ریکارڈ کراچی پولیس کے پاس موجود نہیں، تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی پاکستانی حکام نے ان دونوں افراد کی گرفتاری کے بارے میں کوئی بات کی ہے تو اس پر انہوں نے تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی۔ ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے بھی برطانیہ کی کراوٴن پروسیکیوشن سروس سے کسی قسم کی درخواست کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں وزارت داخلہ سے رجوع کیا جائے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بارے میں وفاقی حکومت اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی،لیکن کامیابی نہیں ہوئی۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس کی تفتیش کرنے والے برطانوی ادارے اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں ہم کس سے بات کرناچاہتے ہیں یہ ظاہرنہیں کیاجائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ و ہ پاکستان کے ساتھ رابطوں پر تبصرہ کرنے کو بھی تیار نہیں،جس کو خطرہ ہے وہ پولیس سے رابطہ کرے۔ ترجمان نے بتایا کہ ان کیسز سے متعلق کسی فردکی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں،جب کسی پرفردجرم عائدہوتی ہے توہی اس کی تفصیلات جاری کی جاتی ہیں۔