01 فروری ، 2014
اسلام آباد…آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بالائی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں برف باری کا بھی امکان ہے۔خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں برفباری اور بارشوں سے موسم سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں بارش جبکہ بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کہیں بارش کی بوندیں، کہیں برف کے اولے، تو کہیں کالے بادلوں کا سایا۔ موسم کے اس مزاج نے سردی میں اضافے کا پیغام دیا ہے۔ کرم ایجنسی کے پہاڑوں پر برف باری جبکہ گرد و نواح میں ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن شہر اور گرد ونواح میں دوپہر کے وقت مٹی کے طوفان نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم، ایک گھنٹے کے بعد بارش ہوئی تو موسم صاف ہوگیا۔ کان مہتر زئی اور زیارت میں برفباری سے موسم کافی سرد ہوگیا ہے،مالاکنڈ ڈویژن کے علاقے چترال اور شانگلہ کے پہاڑوں پر برف کے اولوں نے مناظر کی خوبصورتی کو مزید بڑھادیا ہے۔ سوات کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے درجہ حرارت کو کم کردیا ہے۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج رات سے پیر کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، لاہور اور کشمیر کے اکثر مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ اتوار سے پیر کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت، بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا امکان ہے۔ آج سب سے کم درجہٴ حرارت اسکردو منفی 08، استور منفی 04 اور پاراچنار منفی02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔